مانچسٹر(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد دو کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف نہیں کھلانا چاہتے تھے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد شعیب ملک اور عماد وسیم کو بھارت کے خلاف میچ میں نہیں کھلانا چاہتے تھے لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ان دونوں کھلاڑیوں کو میچ کھلوانا چاہتے تھے
لیکن ایک طویل بحث کے بعد کپتان سرفراز احمد نے مکی آرتھر اور انضمام الحق کی بات مانتے ہوئے انہیں میچ میں کھلا لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر بھارت کے خلاف میچ کے دوران جب سرفراز آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے تو غصے سے بولے کہ ٹیم میں گروپنگ چل رہی ہے۔میچ ختم ہونے سے پہلے ہی کپتان کھلاڑیوں پر چڑھ دوڑے اور کہا کہ مجھے سب پتہ ہے کون کون گروپنگ کررہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ میچ کے بعد کوچ اور کپتان نے کھلاڑیوں کی کلاس لی جبکہ سرفراز نے وہاب ریاض، امام الحق اور عماد وسیم پر گروپنگ کا الزام لگادیا۔اس موقع پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ جو ہونا تھا ہوگیا، اب آگے دیکھو اگلے چاروں میچز جیتو تاکہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہو۔دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ شکت کے بعد قومی ٹیم میں کوچ اور کپتان کے خلاف تنازعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کوچ کا تھا جبکہ شعیب ملک اور شاداب خان کو کھلنے پر بھی وہ اصرار کرتے رہے۔ذرائع نے بتایا کہ فخر زمان کو سست رفتار میں کھیلنے کا مشورہ بھی کوچ نے دیا تھا اور کئی معاملات پر کپتان اور کوچ ایک صفحے پر نہیں دوسری جانب ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد نے کہا ہے کہ اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، قومی کرکٹرز سرفراز احمد کی قیادت میں متحد ہیں۔