ناؤٹنن (این این آئی)ٹاونٹن میں پاکستان آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا شدید امکان ہے۔ذرائع کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی بارش اب تھم گئی ہے تاہم گہرے بادل موجود ہیں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،کپتان سرفراز احمد کے مطابق پاکستانی ٹیم بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں اسی جارح مزاجی اور مثبت کرکٹ کا مظاہرہ کرے گی جو اس نے انگلینڈ کیخلاف ناٹنگھم میں ہونے والے میچ میں دکھائی۔سرفراز احمد نے کہاکہ ان کی خواہش تھی کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ میں دو فتوحات کے ساتھ میدان میں اتریں
تاہم موسم پر کسی کا زور نہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ناٹنگھم میں پاکستان کی جیت کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برسٹل میں ہونیوالا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔سرفراز نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں جیت نے پاکستان ٹیم کو اعتماد دیا ہے اور آسٹریلیا کیخلاف تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کے واپس آنے سے آسٹریلیا کی ٹیم اور بھی مضبوط ہوگئی ہے، پاکستان کسی بھی حریف کو آسان تصور نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پلیئرز کو اندازہ ہے کہ آسٹریلیا سے کافی سخت مقابلہ ہوگا۔