ڈبلن (این این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ 14 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد انجانے خوف میں مبتلا تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ جب تین وکٹیں گر گئیں تو ہماری تشویش بڑھ رہی تھی اور ہم انجانے خوف میں مبتلا تھے۔سرفراز احمد نے کہا کہ آئرلینڈ کو ہرانے کے بعد اب ہماری نظریں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ پر ہیں، پاکستان ٹیم اس چیلنج پر پورا
اترنے کے لئے تیار ہے، انگلینڈ کی سیریز آسان نہیں ہے تاہم ہم کوشش کریں گے کہ توقعات پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈبلن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کنڈیشن بیٹنگ کیلئے سازگار نہیں تھی لیکن صورتحال کے مطابق امام الحق اور بابر اعظم نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔قومی کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے میچ کے دوران کچھ اہم کیچ ڈراپ کیے جس نے ہماری مشکلات بڑھا دیں جبکہ آئر لینڈ نے بڑی شراکت بناکر ہمیں دباؤ میں رکھا۔