لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو برطانوی ویزا جاری کردیا گیا جس کے بعد وہ آج ( بدھ ) روانہ ہوں گے۔فاسٹ بولر محمد عامر ویزا میں تاخیر کے باعث قومی ٹیم کے ہمراہ برطانیہ نہیں جاسکے تھے تاہم اب ان کا ویزا جاری ہوچکا ہے جس کے بعد وہ آج بروز بدھ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
محمد عامر کنٹربری میں پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔جہاں کھلاڑی پہلے سے موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب دورہ برطانیہ اور آئرلینڈ کے لیے روانہ ہوئی تھی، قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ 11 مئی کو کھیلے گی جب کہ انگلینڈ کے خلاف بھی 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔لندن پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، اسامہ صلاح الدین، شاداب خان، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔فاسٹ بالر محمد عباس پہلے ہی انگلینڈ میں موجود تھے جو کانٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔