اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تو بھارتی غصے سے پاگل ہی ہو گئے اور ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی ردعمل آنا شروع ہو گیا۔ اس موقع پر جہاں کئی اہم شخصیات نے
شاہد آفریدی کا دفاع کیا اور انڈین میڈیا اور کھلاڑیوں کو منہ توڑ جواب دیا وہیں پاکستانی کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور کئی پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے موقف کی حمایت اور ان کے دفاع کیلئے میدان میں آگئے ۔ اسی دوران ایک ایسا پاکستانی کرکٹر بھی ہے جس نے شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے انہیں خارجہ امور کے بجائے کھیل کی جانب توجہ مبذول رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کھلاڑی کا نام یاسر عرفات ہے جو آج کل کوچنگ میں مقام بنانے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ اپنے ایک بلاگ میں یاسر عرفات لکھتے ہیں کہ سیاست پر صرف سیاستدانوں کو ہی بات کرنی چاہئے، میں اس نظرئیے پر مکمل یقین رکھتا ہوں کہ سیاستدان کا کام سیاست کرنا ہے جبکہ ایک کھلاڑی کا کام میدان میں کھیلنا ہے،شاہد آفریدی اور چند بھارتی کرکٹرز کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والی جھڑپ ایک تنازعہ کا باعث بنی ہے،ایک کھلاڑی کی حیثیت سے مجھے بالکل بھی سمجھ نہیں آتی اور میرے نزدیک یہ ٹھیک بھی نہیں، جو انسان امور خارجہ سے متعلق بہت کم جانتا ہو، وہ اس طرح کے معاملات پر سوشل میڈیا پر گفتگو کرے۔ سیاستدان کو اس طرح کے معاملات حل کرنے دئیے جائیں اور ایک کھلاڑی کا اس طرح کے معاملات پر گفتگو کرنا کسی بھی طرح اچھا نہیں لگتا“۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف بیان پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہو گیا تھا اور بھارتی کھلاڑیوں نے بھی شاہد آفریدی کے خلاف محاذ بناتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی تھی۔