ممبئی(آئی این پی) بھارتی کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر محمد شامی کے خلاف فکسنگ تحقیقات ختم کرتے ہوئے انھیں بی کیٹیگری میں سینٹرل کنٹریکٹ جاری کردیا۔سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے چیئرمین ونود رائے نے اینٹی کرپشن یونٹ چیف نیراج کمارکو بولر کی دبئی میں پاکستانی لڑکی سے ملاقات اور اس سے رقم لینے کے حوالے سے چھان بین کا حکم دیا تھا۔
نیراج کی جانب سے رپورٹ ملنے کے بعد بی سی سی آئی نے نہ صرف ان کے خلاف مزید تحقیقات نہ کرنے کا اعلان کردیا بلکہ انھیں بی کیٹیگری میں کنٹریکٹ بھی دے دیا،وہ یکم اکتوبر 2017 سے 30 ستمبر 2018 کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ روپے وصول کریں گے۔واضح رہے کہ شامی کے خلاف اہلیہ کے الزامات کی روشنی میں تحقیقات ہو رہی تھیں۔