اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی منگیتر ریچل میکلیلن نے اسلام قبول کرلیا۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پہلے مسلم کرکٹر عثمان خواجہ کی 22 سالہ منگیتر نے اسلام قبول کرلیا جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ خود کیا، عثمان یا ان کے اہلخانہ کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ریچل میکلیلن کا تعلق آسٹریلیا کے شہر برسبین سے ہے اور دونوں گزشتہ ایک سال سے رابطے میں تھے جب کہ عثمان خواجہ
اور ریچل اگلے ماہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران ریچل کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ سے ملاقات سے پہلے انہیں اسلام کے بارے میں صرف اتنا ہی معلوم تھا جتنا میڈیا میں بتایا جاتا ہے۔ریچل نے کہا کہ عثمان خواجہ سے ملاقات سے قبل نہیں اسلام سے متعلق دہشت گردی اور بری چیزیں ہی پڑھنے اور سننے کو ملیں لیکن عثمان سے قریبی تعلق نے ان کا ذہن تبدیل کیا۔ کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں مذہب کو اولین درجہ حاصل ہے، جب ریچل کے ساتھ ان کی قربت ہوئی تو لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں نے انہیں برا بھلا کہا اور جب انہوں نے ریچل کے ساتھ تصاویر اپ لوڈ کیں تو ان کے کچھ مسلمان ساتھیوں نے کہا کہ ریچل کے ساتھ رشتہ حرام ہے اور وہ مسلمان نہیں۔آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ریچل پر اسلام قبول کرنے کے لئے کبھی دباؤ نہیں ڈالا اور قبول اسلام کا فیصلہ ریچل کا ذاتی فیصلہ ہے۔