لودھراں(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹین لیگ میں میری کوئی ٹیم نہیں ہے،کنڈیشنزکے مطابق ٹیم منتخب کرتے ہیں اور اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی تو نیوزی لینڈ میں بھی کامیابی ملے گی۔لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ہرعلاقے میں کرکٹ ہو، کرکٹ بہتر کرنی ہے تو گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا، کلب کرکٹ کا ہونا بہترین کام ہے، یہیں سے لڑکے نکلیں
گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اچھے کھلاڑی کلب کرکٹ سے ہی آتے تھے، میرا اور مشتاق احمد کا بھی ان ہی علاقوں سے تعلق ہے اور ایسے چھوٹے علاقوں میں کرکٹ کا ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ کنڈیشنزکے مطابق ٹیم منتخب کرتے ہیں اور اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی تو نیوزی لینڈ میں بھی کامیابی ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے ٹی ٹین لیگ میں کسی بھی ٹیم کی ملکیت سے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس لیگ میں میری کوئی ٹیم نہیں۔