کولمبو(آئی این پی) سری لنکا نے ایک بار پھرلاہور میں کھیلنے کے عزم کا اعادہ کردیا جبکہ بورڈ نے ہیڈ کوچ نک پوتھاس کے پاکستان نہ جانے کی رپورٹس کی بھی تردید کردی۔سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ٹاپ پلیئرز کی جانب سے پاکستان جانے سے انکار کے باوجود
ایک بار پھر لاہور میں ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم کو دہشتگردوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، اب 8 برس بعد سری لنکا ہی پہلی بڑی ٹیم ہے جوکہ پاکستان آرہی ہے، کئی اہم کھلاڑیوں نے لاہور میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جن میں مستقل کپتان اپل تھارنگا، فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا، بولر سورنگا لکمل، بیٹسمین نروشن ڈیکویلا اور چمارا کاپوگدیرا شامل ہیں، ان میں سے لکمل اور کاپو گدیرا اس بس پر سوار تھے جس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی تھی، ان اہم پلیئرز کے انکار کی وجہ سے سری لنکا نے تین ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے اپنے اسکواڈ میں زیادہ تر غیرمعروف کھلاڑیوں کو شامل کیا تھا جبکہ یہ بھی اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ ہیڈ کوچ نک پوتھاس اورفزیو تھراپسٹ نرمیلن تھانابالاسنگھم بھی پاکستان جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔بورڈ کے صدر تھلنگا
سماتھی پالا کا کہنا ہے کہ پوتھاس نے مجھ سے ایسی کوئی بھی بات نہیں کی ہے، ہم صرف ایک دن کے لیے پاکستان جارہے ہیں تاہم ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم وہاں پر جائیں اورانٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔