لاہور( این این آئی )ویسٹ انڈیز آئندہ ماہ ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے دورہ پاکستان کے منافع میں حصہ چاہتا ہے جبکہ پی سی بی کی جانب سے 2019ء میں مکمل سیریز کی پیشکش کی گئی ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے جاری ہے۔ اس ماہ سری لنکن ٹیم کی ایک ٹی ٹونٹی میچ کے لئے
آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششوں کو تقویت حاصل ہوگی۔ نومبر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈین بورڈ پاکستان آنے پر تو تیار ہے لیکن سیریز کے منافع میں حصہ چاہتا ہے ۔ معاملات طے کرنے کے لئے پی سی بی حکام کے ویسٹ انڈیز بورڈ سے مذاکرات جاری ہیں۔ پی سی بی نے انہیں 2019ء میں مکمل ٹور کرنے کی پیشکش کی ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ جلد ہونے کا امکان ہے۔ویسٹ انڈیز، پاکستان ٹی ٹونٹی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3میچز 8، 10اور 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ دوسرے شیڈول میں میچز 15، 17 اور 19 نومبر کو رکھے گئے ہیں۔ دونوں بورڈز کی منظوری سے ان میں سے ایک شیڈول طے کرلیا جائے گا۔