اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم رواں سال نومبر میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے میچز دیکھنے کیلئے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون کو دعوت دی تھی تاکہ وہ 14 رکنی اسکواڈ کے دورے کے سلسلے میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے
سکیں۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان آمد پر ڈیو کیمرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈین بورڈ کے سربراہ کی آمد سے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر میں ویسٹ انڈین ٹیم تین ٹی20 میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کریگی تاہم میچز کن شہروں میں منعقد کیے جائیں گے، اس بات کا ابھی فیصلہ نہیں ہو سکا۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور آٹھ سال کے دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تاہم ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ اگر وہ ورلڈ الیون کو فراہم کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہوتے ہیں تو ایک ٹی20 میچ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔قبل ازیں چیئرمین میاکو کارپٹس اختر نذیر خان ککی کی جانب سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈرچرڈسن اور ڈائریکٹر جائلز کلارک کو ہاتھ سے بنے ہوئے کارپٹس کا تحفہ پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اختر نذیر خان ککی نے آئی سی سی کے عہدیداروں کو بتایا کہ کارپٹ کے ماسٹر پیسز پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیں ۔ ڈیوڈ رچرڈ سن اور
جائلز کلارک نے ہاتھ سے بنے ہوئے کارپٹس کا تحفہ پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پیار کرنے والے او رمہمان نواز ہیں، یہاں سے ملنے والی محبت اور استقبال کو فراموش نہیں کر سکیں گے۔