لاہور (آئی این پی) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ستمبر‘ اکتوبر اور نومبر میں تین عالمی ٹیمیں پاکستان آئیں گی‘ ورلڈ الیون‘ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی‘ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کرائیں گے‘ دنیا کو کرکٹ سے متعلق پاکستان کے جذبے کا بتایا ہے‘ خواہش ہے پی ایس ایل کیلئے لاہور کے بعد اب کراچی جائیں۔ پیر کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کرائیں گے۔
ستمبر‘ اکتوبر اور نومبر میں تین عالمی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ ورلڈ الیون‘ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے آہستہ آہستہ کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوگی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے مثبت جواب مل رہاہے۔ دنیا کو کرکٹ سے متعلق پاکستان کے جذبے کا بتایا ہے نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کیلئے لاہور کے بعد اب کراچی جائیں۔