لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے صرف ایک روز بعد ہی عمر اکمل نے اپنی فٹنس ثابت کر دی، عمر نے پیٹرنز ٹرافی (گریڈ-ٹو) کے دوسرے راؤنڈ میں کینڈی لینڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔عمر اکمل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 128 گیندوں کی مدد سے 124 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 18 چوکے
اور 4 چھکے شامل تھے۔نیشنل بینک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں حیدری ٹریڈرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے پہلے روز کینڈی لینڈ نے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 431 رنز اسکور کرکے اننگز ڈکلیئر کردی، 78 رنز اسکور کرنے والے محمد بلال نے عمر اکمل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 117 رنز جوڑے، دن کے اختتام تک حیدری ٹریڈرز نے بنا کوئی وکٹ گنوائے 18 رنز اسکور کر لیے۔انجری کے شکار حارث سہیل بھی بھرپور فارم میں ہیں۔