اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپاٹ فکسنگ سکینڈل، کرکٹر شاہ زیب حسن معطل ،چارج شیٹ جاری ،14روز میں جواب طلب۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے سپاٹ فکسنگ کیس میں شاہ زیب حسن کو معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی ہے ۔ چارج شیٹ میں پی سی بی
اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے شاہ زیب حسن پر دیگر کرکٹرز کو کرپشن کے لئے اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان سے 14 روز میں جواب جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ شاہ زیب حسن سے 3 روز سے پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے تھا، پوچھ گچھ کے دوران شاہ زیب حسن نے بکی سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ فکسنگ الزامات سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بکیوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے پی سی بی کو رابطوں بارے آگاہ نہیں کر سکا ۔یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ شاہ زیب حسن سمیت 4کھلاڑیوںجن میں شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کو بھی چارج شیٹ جاری کر چکا ہے ۔ اس حوالے سے شاہ زیب حسن ، شرجیل خان اور خالد لطیف نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے اور محمد عرفان نے چارج شیٹ کے حوالے سے ابھی جواب جمع کرانا ہے جس میں سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے ان کا موقف سامنے آئے گا۔جبکہ اس سلسلے میں تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے فکسنگ سکینڈل کے اہم کردار ناصر جمشید کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جا چکا ہے۔