گریٹر نوئیڈا (آئی این پی ) افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کی ٹی 20 میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 72 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ساتھ ہی ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے۔ گریٹر نوئیڈا میں کھیلے گئے میچ میں افغان اوپنر محمد شہزاد نے 43 گیندوں
پر 72 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، وہ اب تک 58 میچوں میں 1779 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں، اس طرح وہ ٹی 20 میں زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کلم 2140 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، مارٹن گپٹل 1806 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔