لاہور( این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ 2017ء کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ بالر محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو بھی طلب کر لیا ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد عرفان کو کل پیر جبکہ شاہ زیب حسن کو منگل کے روز پیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں سے مبینہ طور پر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے
سوالات پوچھے جائیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے افتتاحی میچ کے بعد لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا الزام دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔پی سی بی کے نوٹس پر دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کے لیے سابق جج کی سربراہی میں تین رکنی ٹربیونل قائم کر دیا ہے۔