لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ا یس ایل سپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کے حوالے کردیں جس نے شرجیل خان، خالد لطیف اور دیگر کرکٹرز کے موبائل فون قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کیس سامنے آنے کے بعد دوران انکوائری مذکورہ کرکٹرز نے اپنے موبائل فونز کا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کردیا تھا۔پی سی بی حکام نے کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے ڈیلیٹ ڈیٹا کا
سراغ لگانے اور بکیوں کی جانب سے رقوم کی فراہمی کے بارے میں جاننے کیلئے ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے رابطہ کرکے موبائل فونز ان کے حوالے کردئیے ۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کھلاڑیوں اور بکیوں کے خلاف تحقیقات شروع کردیں ٗ سپر لیگ کے پلے آف میچ اور فائنل میں بڑے پیمانے پر جوئے کی اطلاعات ملنے پر اس کی روک تھام کیلئے بھی کارروائی کا آغاز کردیاگیا ۔