اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں نیا موڑ، ناصر جمشید وعدہ معاف گواہ بننے پر رضامند۔ تفصیلات کے مطابق ۔ پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل نے نیا موڑ لے لیا ، لندن میں موجود ناصر جمشید نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے سامنےسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں شرجیل خان ،
خالد لطیف اور مبینہ سٹے باز یوسف انور کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہرکرتے ہوئےبکی کے ساتھ ملاقات کا اعتراف کر لیا ہے تاہم سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے ان کاموقف ہے کہ ان سے ڈسپلن کی خلاف ورزی ضرور ہوئی ہے انہیں چاہئے تھا کہ وہ بکی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو انتظامیہ کے نوٹس میں لاتے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ناصر جمشید کی پیش کش اگر برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے قبول کر لی تو سکینڈل کے پیچھے چھپے کرداروں سمیت کئی اور بڑے پردہ نشین بھی بے نقاب ہو سکتے ہے۔ واضح رہے کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں عبوری طور پر معطل شرجیل خان اور خالد لطیف نے پی سی بی شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے لیکن ناصر جمشیدسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں وعدہ معاف گواہ بننے کی پیش کش کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف گھیرا تنگ ہو سکتا ہے۔