دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کھلاڑیوں کو پی سی بی کی جانب سے عبرتناک سزا دیئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق فکسنگ سکینڈل کے الزام میں معطل ہونے والے شرجیل خان اور خالد لطیف پر تاحیات پابندی کی تلوار لٹک رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر ان پر تاحیات پابندی لگائی جا سکتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے
مطابق حکام نے دونوں کھلاڑیوں کے اعترافی بیان پہلے ہی ریکارڈ کر لئے ہیں اور ان کے خلاف منگل کو چارج شیٹ پیش کی جا سکتی ہے۔ پاکستان اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت میچ فکسنگ کی اطلاع نہ دینے پر کسی بھی کھلاڑی کو کم از کم 6 ماہ یا پھر تاحیات پابندی کی سزا دی جا سکتی ہے جبکہ میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہونے پر کم از کم پانچ سال یا پھر تاحیات پابندی لگائی جا سکتی ہے۔