اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کر کٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست پر سابق کر کٹرز ٹیم پر برس پڑے ۔سابق کر کٹرز رمیز راجہ،شعیب اختر اور سکندر بخت نے کہا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر لگتا ہے این چیپل نے گرین شرٹس بارے صحیح کہہ تھا، پاکستان ٹیم کی کارکردگی مضحکہ خیز ہے ، ان کے کھیل کی سمجھ ہی نہیں آتی، اظہر علی لکھی ہوئی کپتانی کرتے ہیں ،حکمت عملی تبدیل نہیں کرتے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر سابق کرکٹرز نے مایوس کا اظہار کیا ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی مضحکہ خیز ہے ، ان کے کھیل کی سمجھ ہی نہیں آتی ۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھ کر کپتانی کرنی چاہئے ،کس بولر کو کیسے استعمال کرنا ہے،یہ دیکھنا چاہئے۔سابق بیٹسمین محمد یوسف کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں کہنا تھا کہ جن کھلاڑیوں پر زیادہ ذمہ داری ہے وہ کھیل کر نہیں دکھارہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ کپتانی کے اندر نیگیٹویٹی نہیں ہونی چاہیے جو پاکستانی ٹیم کی صورتحال ہے ،اسے دیکھ کر لگتاہے کہ این چیپل صحیح کہہ رہے تھے۔سکندر بخت کہتے ہیں اظہر علی لکھی ہوئی کپتانی کرتے ہیں ،حکمت عملی تبدیل نہیں کرتے ۔