سڈنی (آئی این پی)پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری اتوار کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائیگا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کے خلاف1۔2 کی برتری حاصل ہے۔
آسٹریلیا نے پہلے میچ میں پاکستان کو 92 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1۔1 سے برابر کر دی۔تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے دوبارہ پاکستان ٹیم کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں ون ڈے میچ 26 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز میں فائٹ بیک کا عزم لیے سڈنی پہنچ گئی ۔قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا۔ پی سی بی نے اظہر علی کے فٹنس ٹیسٹ پا س ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ (آج ) اتوار آسٹریلیا کیخلاف چوتھے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔یا درہے اظہر علی آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو ئے تھے جس کے بعد وہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔ ان کی جگہ محمدحفیظ کو قومی ون ڈے ٹیم کی کپتانی دی گئی تھی۔معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کی میدان میں اترنے والی متوقع ٹیم یہ ہوگی،اسد شفیق کی جگہ اظہر علی کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے،اظہرعلی(کپتان) شرجیل خان، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک،عمر اکمل،محمد رضوان(وکٹ کیپر)، عماد وسیم، محمد عامر،جنید خان، حسن علی۔