لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ میں تبدیلی پر غور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز نئی مینجمنٹ اور کوچ کے ساتھ ہوگی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی غیر ملکی کوچز کے لیے کئی ناموں پر غور کررہا ہے جس میں آسٹریلیا کے ڈین جونز، جنوبی افریقا کے مکی آرتھر،ملکی کرکٹرز میں افغان ٹیم کے کوچ انضمام الحق اور یو اے ای کے کوچ عاقب جاوید کا نام بھی زیر غور ہے۔جون دو ہزار چودہ میں کوچ بننے والے وقار یونس کا پی سی بی کے ساتھ معاہدہ رواں سال جون میں ختم ہورہا ہے۔ان دو سالوں میں پاکستان نے چالیس ون ڈے کھیلے اور چوبیس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پندرہ میں ٹیم فاتح رہی اور ایک میچ غیر نتیجہ رہا۔دس ون ڈے سیریز کھیلیں جس میں پاکستان صرف زمبابوے کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک سیریز ہی جیت سکا۔باقی سات سیریز میں شاہین شکست سے دوچار ہوئے۔بائیس ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس میں دس میں شکست اور گیارہ میں فتح نصیب ہوئی۔