ابو ظہبی(نیوزڈیسک)قومی ٹیم کے اسٹار تجربہ کار بلے باز یونس خان عظیم بلے باز جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔جب محمد حفیظ کے آو ٹ ہونے کے بعد یونس خان ابو ظہبی ٹیسٹ میں میدان میں اترے تو انہیں میانداد کا آٹھ ہزار 832 رنز کا ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف 19 رنز درکار تھے۔انہوں نے شاندار انداز میں معین علی کو چھکا لگا کر میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔یونس خان نے یہ اعزاز 102ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا جبکہ میانداد نے 124 ٹیسٹ میچوں میں 8 ہزار 832 رنز بنائے تھے اور انضمام الحق کو 119 ٹیسٹ میچوں میں آٹھ ہزار 829 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 200 ٹیسٹ میچوں میں 15 ہزار 921 رنز اسکور کیے۔انہوں نے گزشتہ روز ایک انٹویو میں ایک بار پھر ملک کی قیادت کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کی طرح ایک اچھی ٹیم بنا کر جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب میں پہلے کپتان بنا تھا تو نوجوان تھا اور بہت زیادہ جارحانہ انداز کا حامل تھا لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ میں نوجوان کرکٹرز کی زیادہ بہتر انداز میں رہنمائی کرتے ہوئے انہیں اعتماد دے کر جا سکتا ہوں۔ میں عمران خان کی طرح ایک اچھی ٹیم بنا کر جانا چاہتا ہوں۔