کانپور(نیوزڈیسک) جنوبی افریقا نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو سخت مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی ہے۔بھارت کے شہر کانپور کے گرین پارک میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما کے 150 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکی۔ اس کے علاوہ اجنکیا رہانے نے 60 اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 31 اور شیکر دھون نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ 50 ویں اوور میں بھارت کو جیت کے لئے 11 رنز درکار تھے تاہم ربادا نے ایک ہی اوور میں دھونی اور اسٹیورٹ بنی کا شکار کر کے فتح کا بھارتی خواب چکنا چور کردیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور عمران طاہر نے 2، 2 جب کہ ڈیل اسٹین، مورنے مورکل اور فرحان بہردین نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔قبل ازیں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کپتان اے بی ڈویلیئرز اور فرحان بہردین کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم کا اسکور 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز تک پہنچا دیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 29، ہاشم آملہ نے 35، فیف ڈوپلیسی نے 62، ڈیوڈ ملر نے 13 اور جے پی ڈومنی نے 15 رنز بنائے۔ایک موقع پر 47 اوورز میں جنوبی افریقا کا اسکور 251 رنز تھا لیکن آخری تین اوورز میں ڈویلیئرز اور فرحان بہردین نے دھواں دھار بلے بازی کر کے ٹیم کا اسکور 303 رنز تک پہنچا دیا۔ ڈویلیئرز نے 73 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 104 جب کہ فرحان نے 19 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے امیت مشرا اور امیش یادیو نے 2، 2 جب کہ روی چندرن ایشون نے ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔