اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انگلینڈ کے لئے پاکستانی اے ٹیم بھی وبال جان بن گئی، سارا دن سرپٹخنے کے باوجود صرف 5 وکٹیں ہی ہاتھ آئیں.تفصیلات کے مطابق شارجہ میں پہلے دو روزہ ٹور میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے اپنی اننگز 286 رنز 5 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کرکے بولرزکو پریکٹس کا موقع فراہم کیا۔ ابتدائی وکٹ مارک ووڈ کے حصے میں آئی جس کے بعد معین علی نے 2 مزید پلیئرز کو آو¿ٹ کرکے جہاں ٹیم کو خوشی منانے کا موقع دیا وہیں اپنے اعتماد میں بھی اضافہ کیا، مگر ان کیلیے آزمائش کی گھڑی آنا باقی تھی، انگلش ٹیم کو افتخار احمد اور فواد عالم کے درمیان 112 رنز کی شراکت کو توڑنے میں 44 اوورز لگے۔دوپہر کو مہمان بولرز کے ہاتھ ایک بھی وکٹ نہیں لگی، اس دوران انگلش ٹیم اور مینجمنٹ کو اچھی طرح محسوس ہوگیا کہ ٹیسٹ سیریز کے دوران انھیں کس قسم کے چیلنجز کا سامنا ہوگا، افتخار اس وقت 11 رنز پر تھے جب کپتان الیسٹرکک نے کیچ ڈراپ کردیا، جس کی سزا افتخار نے ناقابل شکست 92 رنز بناکر دی، اس طرح انھوں نے اپنی ٹیم کا اسکور کھیل کے اختتام تک 5 وکٹ پر 216 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، معین علی نے تیسری وکٹ فواد کو50 کے انفرادی اسکور پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے حاصل کی۔ دونوں ٹیموں میں دوسرا 2 روزہ پریکٹس میچ جمعرات سے شروع ہوگا۔