لاہور (نیو ز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی باﺅلرز کی ترقی اور بلے بازوں کی تنزلی ہوئی ہے۔ وہاب ریاض پہلی بار ٹاپ ففٹی اور یاسر شاہ ٹاپ 100 میں شامل ہو گئے۔ بلے بازوں میں ڈی ویلیئرز، باﺅلرز میں عمران طاہر اور آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن کا پہلی پوزیشنز پر قبضہ برقرار ہے۔آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی پہلی 25 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ڈی ویلیئرز پہلے، آملہ دوسرے، کوہلی تیسرے، ولیمسن چوتھے، دلشان پانچویں، دھاون چھٹے، ٹیلر ساتویں، دھونی آٹھویں، میکسویل نویں اور فنچ دسویں نمبر پر برقرار ہیں، محمد حفیظ اور احمد شہزاد تنزلی کے بعد 26 ویں اور 28 ویں نمبر پر آ گئے، اظہر علی کا 39 واں نمبر ہے، باﺅلرز میں عمران طاہر پہلے، مچل اسٹارک دوسرے، سنیل نارائن تیسرے، ٹرینٹ بولٹ چوتھے اور ڈیل سٹین پانچویں نمبر پر موجود ہیں، سعید اجمل کا8 واں نمبر ہے۔ حفیظ اور عرفان مشترکہ طور پر سولہویں نمبر پر ہیں، وہاب ریاض چار درجے بہتری کے بعد پہلی بار ٹاپ ففٹی میں شامل ہو گئے۔