اسلام آبا(نیوزڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے خراب فارم سے دوچار قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر شاہد آفریدی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک قومی ٹیم کا کپتان نہ بنایا گیا ہوتا تو انہیں ٹیم میں جگہ بنانے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا کیونکہ ان کی اپنی کوئی انفرادی کارکردگی نہیں اور وہ اسکواڈ میں بھی جگہ کے مستحق نہیں۔زمبابوے کے خلاف پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز تو اپنے نام کر لی لیکن نامور آل راؤنڈر دو میچوں میں صرف دو ہی رنز بنا سکے جبکہ دو میچوں میں وہ صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی اور کوچ وقار یونس نے ٹی ٹوئنٹی کپتان کی حالیہ فارم پر تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ایسی تمام افواہوں کی تردیفد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آفریدی کی فارم کے حوالے سے ہمیں کوئی تشویش نہیں، ہر کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آفریدی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔سرفراز نے سرکاری خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آفریدی جیسے کھلاڑی شاذونادر ہی کارکردگی دکھاتے ہیں جن پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔یہاں یہ بات بھیقابل ذکر ہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ ماہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی آفریدی کی کارکردگی واجبی سی رہی تھی اور جب اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے پوچھا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ آفریدی ایک میچ ونر ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سرفراز نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بے وقوفی ہے کہ وہ وقت ہونے کے باوجود انہیں کارکردگی نہ دکھانے پر بھی ایک اور موقع دے رہا ہے۔سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پی سی بی کو اس آس پر نہیں بیٹھے رہنا چاہیے کہ آفریدی کسی دن کارکردگی دکھائیں گے، دوسرے مستحق کھلاڑیوں کا کیا قصور ہے جو ان سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔
پاکستان انڈیا سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ہمیشہ ہم سے سرد مہری برتی ہے، پاکستان کو اب ہندوستان سے سیریز کو ذہن سے نکال کر آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ متعدد بہتر ٹیمیں پاکستان سے کھیلنے کی منتظر ہیں۔تاہم انہوں نے ساتھ ساتھ زور دیا کہ سیریز نہ ہونے کی صورت میں پاکستان ہندوستان سے ہونے والے نقصان کا ہرجانہ طلب کرے۔آل راؤنڈر بلال آصف کے ایکشن پر آئی سی سی کے اعتراض پر سرفراز نے سوال کیا کہ جس وقت بلال ڈومیسٹک سطح پر کھیل رہے تھے، اس وقت ہمارے امپائرز کہاں تھے، ان کے ایکشن کا پہلے ہی جائزہ لیا جانا چاہیے تھا۔
آفریدی کے لئے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ،سرفرازنواز
6
اکتوبر 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں