کراچی(نیوزڈیسک)محمدعامرکے خواب چکنا چور،قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر کی عالمی کرکٹ میں فوری واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں واپسی کیلئے انہیں طویل سفر طے کرنا ہو گا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ عامر نے ابھی زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی اور ہم عالمی سطح پر واپسی سے قبل ان کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ہارون رشید نے کہا کہ پہلے عامر کو فرسٹ کلاس اور پھر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی، اس کے بعد ہی ہم ان کے قومی ٹیم میں انتخاب غور کر سکیں گے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ عامر کے حوالے سے اس وقت بات کرنا قبل از وقت ہے۔چیف سلیکٹر ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی زمبابوے کے خلاف واجبی کارکردگی پر پریشانی سے دوچار ہے۔ہارون رشید نے ایسی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آفریدی کی فارم کے حوالے سے ہمیں کوئی تشویش نہیں بلکہ اس کے بجائے اس وقت بورڈ کی توجہ نوجوان کھلاڑیوں پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاو¿ آتا رہتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آفریدی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں