لاہور(آن لائن)پاکستان سپر لیگ میں شرکت کیلئے چھ غیرملکی کوچز نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ بھارت سے واحد رابن سنگھ ایونٹ کا حصہ ہونگے۔آئندہ برس چار فروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والا پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ میلہ پاکستانی شائقین کرکٹ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ لورز کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔دنیا کی بہترین ٹیموں کے کھلاڑی تو ایونٹ کا حصہ بنیں گے ہی اس کے ساتھ ساتھ چھ غیر ملکی بہترین کرکٹ کوچز نے بھی سپرلیگ میں شرکت کیلئے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ معاہدہ کرنے والے کوچز میں جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر، انگلینڈ کے کرس ایڈمز، اینڈی مولز، ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینیج، سری لنکا کے چمندا واس اور بھارت سے واحد رابن سنگھ شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیجنڈ کرکٹرز رمیز راجہ اور وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا سفیر مقرر کر رکھا ہے۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے کئی ممالک کے مایہ ناز کرکٹرز نے بھی معاہدہ کر لیا ہے۔