اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل اتھرٹن کے اپنے حق میں بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ مائیکل تھرٹن کے بیان سے میرے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور میں زندگی میں ملنے والے اس دوسرے موقع کو بھرپور استعمال کر ناچاہتا ہوں کیونکہ اکثر لوگوں کو کبھی دوسرا موقع نہیں ملتا ۔ایک انٹرویومیں محمد عامر نے کہاکہ اتھرٹن جیسے لوگوں کی حمایت کے بغیر میں آگے نہیں بڑھ سکتا انہوںنے میری بڑی حوصلہ افزائی کی ہے زندگی میں ہر ایک کو دوسرا موقع نہیں ملتا اور میرے لئے ان کی حمایت انتہائی حوصلہ افزاءہے جس پر میں دنیا بھر میں اپنی حمایت کر نے والے لوگوں کا بے حد شکر گزار ہوں ۔انہوںنے کہاکہ یہ میری لئے بہت مشکل وقت تھا اور دوبارہ کرکٹ میں آنا ایک خواب بن چکا تھا لیکن میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں ایک مرتبہ پھر ضرور کھیلوں گا۔میرے قانونی مشیروں نے بھرپور ساتھ دیا اور میرا حوصلہ بڑھایا کہ میں کرکٹ ہر گز نہ چھوڑوں ۔دوستوں کی وجہ سے ہی آج میں دوبارہ کرکٹ کھیل رہا ہوں جس سے میں نے ہمیشہ محبت کی ہے واضح رہے کہ سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے بھی محمد عامر کی بھرپور حوصلہ افزائی کر تے ہوئے پاکستان لیگ میں اپنی ٹیم بھیجنے او ر اس میں عامر کو شامل کر نے کاعندیہ دیا ہے ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں