گوجرانوالہ (آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عامر کو معاف کیا ہے پی سی بی نے نہیں‘ معافی مانگنے کے بعد عامر اور سلمان کی واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا‘ بھارت سیریز کے معاہدے کی پابندی نہیں کر رہا ہے۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف اور سلمان کی واپسی کے لئے پروگرام مرتب کیا گیا ہے اور ان کی طرف سے معافی مانگنے کے بعد ان کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو شہرشہر جا کر عوام سے معافی مانگنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے اعتراف کیا ہے کہ پاک بھارت سیریز سب سے اہم ہوتی ہے۔ ورلڈ میں پاکستان اور بھارت کا میچ سب سے زیادہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیریز کے معاہدے کی پابندی نہیں کر رہا ہے۔ پاک بھارت تعلقات سے کرکٹ متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کوشش ہے کہ بھارت سے جلد کرکٹ بحال ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک ہمارے خط کا جواب نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔ کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس اور کارکردگی پر توجہ دینی چاہئے۔