لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے شہید وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کوشاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید شجاع خانزادہ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لیتے تھے،زمبابوے ٹیم کے دورے کوممکن بنانے میں بھی ان کا اہم کردارتھا،ان کی شہادت سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں متاثر ہوں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ شہید شجاع خانزادہ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لیتے تھے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کوممکن بنانے میں بھی بطور وزیرداخلہ پنجاب ان کا اہم کردار تھا۔ شجاع خانزادہ کی شہادت سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں متاثر ہوں گی۔اس سلسلے میں مشکلات ضرور پیش آئیں گی لیکن بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والی ہر غیرملکی ٹیم کوفول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔ جس کا عملی مظاہرہ زمبابوے ٹیم کے دورے کے موقع پر کرچکے ہیں۔ شجاع خانزادہ کی شہادت کے ذکر پر شیریارخان کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔انہوں نے کہاکہ ان کی شہادت پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ غیرملکی ٹیموں کی آمد متاثر ہوسکتی ہے۔ پاکستان سپرلیگ کیلئے بھی غیرملکی کرکٹرز کی دلچسپی کم ہوسکتی ہے۔ پاک،بھارت کرکٹ کی بحالی میں بھی سیاست حائل ہورہی تھی۔ شجاع خانزادہ پرخوش کش حملے سے بھارت کوایک اوربہانہ مل جائے گا۔