اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان فٹ بال انڈر 13 ٹیم کی ایشیاءکے 20ممالک کے درمیان ہونے والے فٹ بال ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی، جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والاٹورنمنٹ پاکستان کے نام کر لیا، جنوبی کوریا میں ہونے والے ٹورنمنٹ میں منگولیا کی ٹیم کو شکست دیکر کامیابی کے بعد وطن واپس آگئی،کسی حکومتی بڑی شخصیت نے تاحال کوئی توجہ نہ دی جبکہ کھلاڑی حکومتی حوصلہ افزائی کے منتظرتفصیلات کے مطابق فٹ بال ٹورنمنٹ جنوبی کوریا کے شہر اینسیونگ میں منعقد ہوا جس میں ایشیائی ممالک کی 20ٹیموں نے حصہ لیا تھا جبکہ فائنل میچ میں پاکستان نے منگولیا کی ٹیم کو شکست دیکر یہ ٹورنمنٹ اپنے نام کر لیا اس پورے ٹورنمنٹ میں پاکستان کی ٹیم نے 20گول کیے جبکہ اس کے خلاف ایک گول بھی کوئی ٹیم نہ کر سکی ۔اس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان انڈر 13فٹ بال ٹیم کے سکوارڈ میں حسن شیریں،ایم شعیب،وسیم احمد،قاضی عباس،معز اختر،ایم سالار،دنیال احمد عباسی،عاطف خان،بحرام افغانی،شاہین الحق،سید حیدر عباس اور محمد عباس شامل ہیں جن کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر گنجیرہ پیش پیش رہے۔لیکن حکومتی بے حسی بھی اس موقع پر کھل سامنے آ چکی ہے کہ اتنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کرنے والی ٹیم کو نہ تو کسی وزیر موصوف نے وہاں کوئی سرپرستی فراہم کی اور نہ ہی وطن واپسی پر کوئی اہمیت دی گئی تاہم ان ننھے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی حکومت پر قرض کی طرح باقی ہے جو عالمی مقابلوں میں کامیابی کا تسلسل بھی بن سکتا ہے۔کھلاڑیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہمارے ٹیم منیجرز اور کوچ کی انتھک محنت کے بعد حاصل کی ہے جس میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی اہلیت سے بڑھ کر کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے تاہم باقی کھیلوں کی طرح پذیرائی نہ ملنے پر ننھے کھلاڑی مایوسی کے ساتھ ساتھ بڑے پُر عزم دکھائی دیئے اور حکومت سمیت عوام سے حوصلہ افزائی کا مطالبہ کیا ہے ۔