لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی اور شہریارخان کرکٹ کی باریکیوں کو نہیں سمجھتے، دونوں پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتظام چلانے کے لئے موزوں نہیں ہیں، پی سی بی کا انتظام سابق کرکٹرز کے پاس ہونا چاہئے جو کھیل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریار خان اور نجم سیٹھی کی کرکٹ سے دلچسپی اپنی جگہ لیکن دونوں اس عہدے کے لئے غلط شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی سربراہی کے لئے غلط انتخاب کی وجہ سے ہی پاکستان میں کرکٹ زوال کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیا اور اعجاز بٹ کو کرکٹ کے حوالے سے کافی سمجھ بوجھ تھی، ان کے دور میں کرکٹ کی بہترین کے حوالے سے اچھے اقدامات کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت اگر کوئی کرکٹ کو سب سے اچھی طرح چلا سکتا ہے تو وہ عمران خان ہے لیکن وہ سیاسی مصروفیات کی وجہ سے ایسا کر نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور پی سی بی کے حوالے سے تمام فیصلوں کے لے سابق کرکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جانی چاہئے ۔