لاہور(نیوز ڈیسک) کراچی میں جاری سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کے حوالے سے غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں نے سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں سکیورٹی سمیت کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں اور وہ مطمئن ہو کر اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے نائب صدر میکسم کیسیئس نے بھی پاکستان کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کو بہترین قرار دے دیا۔ پاکستان میں جاری ورلڈ سکس ریڈ سنوکرچمپیئن شپ مین 17 غیر ملکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 100 سے زائد غیر ملکی کھلاڑی اس وقت شہر قائد میں موجود ہیں مگر کسی کھلاڑی نے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار نہیں کیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ بہترین سہولیات پر پاکستان سنوکر فیڈریشن کے شکرگزار ہیں۔ انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے نائب صدر میکسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے انتظامات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کی واپسی بہترین ہے، اچھا لگ رہا ہے کہ اتنے ملکوں کے کھلاڑی ایک جگہ جمع ہیں اور اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر ہوا ہوں۔ اب تک بہترین سیکورٹی دی گئی ہے اور جس طریقے سے پاکستان نے یہ ورلڈ چمپین شپ منعقد کرائی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی کو سب سے زیادہ ننقید کا نشانے بنانے والا بھارت ہے مگر جب اس کے کھلاڑی بھی پاکستان پہنچے تو پاکستان کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔ ورلڈ چیمپئن پنکج ایڈوانی نے کہا کہ سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہت اچھے ہیں، بالکل محسوس نہیں ہو رہا کہ بھارت سے باہر کھیل رہے ہیں۔