کینیڈا (نیوز ڈیسک) کینیڈا میں خواتین فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں انگلینڈ اور جاپان نے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں انگلینڈ اور میزبان ملک کینیڈا کے درمیان میچ ہوا۔ انگلینڈ کی جوڈی ٹیلر نے کینیڈا کیخلاف کھیل کے گیارہویں منٹ میں گول سکور کر کے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلوا دی۔ ٹھیک 3 منٹ بعد انگلینڈ کی لوسی برونز نے دوسرا گول داغ کر حریف ٹیم پر دباو¿ بڑھا دیا۔ میزبان ملک نے بیالیسویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا جو ٹیم کیلئے ناکافی ثابت ہوا اور انگلینڈ نے دو ایک کے سکور سے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں جاپان اور آسٹریلیا کی ٹیموں میں جوڑ پڑا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ کے بعد جاپان نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم اس جیت کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔