ایڈمونٹون / اوٹاوا(نیوزڈیسک ) ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں ایشین ٹیموں چین اور تھائی لینڈ نے فتوحات سمیٹ لیں،گروپ اے میں چینی ٹیم نے نیدرلینڈز کا چین چھینتے ہوئے1-0 سے فتح پائی، میزبان کینیڈا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، گروپ بی میں تھائی لینڈ نے آئیوری کوسٹ پر 3-2 سے غلبہ حاصل کرلیا،2 مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ جرمنی اور ناروے کی معرکہ آرائی بھی 1-1 سے برابر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق چین نے نیدرلینڈز کو 1-0 سے مات دے کر تین پوائنٹس لیے، یوں دوسری پوزیشن پر بھی اس کا قبضہ ہوگیا، ڈچ پلیئر کرسٹائن سنکلیئر نے گول کرنے کا نادر موقع گنوایا، فائنل وسل سے پانچ منٹ قبل ان کی کک پر گیند گول پوسٹ سے باہر چلی گئی، انجری ٹائم میں چینی پلیئر وانگ نے گول کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔
کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے گروپ اے میں اپنا دوسرا میچ بغیر کسی گول کے برابر کھیلا، میزبان ٹیم بدستور چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے،کیوی پلیئر ایمبر ہیرن کو کھیل کے33ویں منٹ میں عمدہ موقع ملا لیکن وہ اس سے خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھا سکیں،ٹیم اب تک ورلڈکپ میں کوئی میچ نہیں جیت پائی ہے۔اوٹاوا میں2 مرتبہ کے چیمپئن جرمنی اور ناروے کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔
دوسرے ہاف میں میرن میجیلڈ نے گول داغ کر ناروین سائیڈ کو پوائنٹس میں ساجھے داری کا حقدار بنایا، 2003 اور2007 کے چیمپئن جرمنی کیلیے کھیل کے چھٹے منٹ میں اینجا میٹاگ نے گول بنایا، انھوں نے اس سے قبل آئیوری کوسٹ کیخلاف ٹیم کی 10-0 سے یکطرفہ فتح میں ہیٹ ٹرک کی تھی، اس نتیجے نے جرمنی اورناروے کو گروپ بی میں ابتدائی 2پوزیشنز پر براجمان کرادیا، اسی گروپ میں شامل تھائی لینڈ نے ابتدائی ناکامی کا ازالہ کرتے ہوئے آئیوری کوسٹ کو 3-2 سے پچھاڑدیا، پیر کو گروپ کے فائنل راﺅنڈ میں جرمنی کا سامنا تھائی لینڈ سے ہوگا جبکہ ناروے کی ٹیم آئیوری کوسٹ کیخلاف میدان سنبھالے گی۔
ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں چین ،تھائی لینڈ نے فتوحات سمیٹ لیں
13
جون 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں