لندن (نیوزڈیسک)ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے باوجود اس کا فائدہ پاکستانی ٹیم کو ہوا ہے اور وہ آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔یہ تبدیلی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے بعد ہوئی جس میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔اس شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے اور پاکستان تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔پیر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن برقرار رکھ سکتا ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ بدھ سے میر پور میں کھیلا جائے گا۔اگر پاکستان ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے 102 پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن اگر پاکستان بنگلہ دیش سے ہار جاتا ہے تو اسے واپس چوتھے نمبر پر آنا پڑے گا۔دوسری صورت حال یہ ہے کہ اگر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا تو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے اس وقت 99 پوائنٹس ہیں اور اس کی پانچویں پوزیشن ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سینچری سکور کرنے والے محمد حفیظ آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 34 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے جانب سے ڈبل سینچری بنانے والے تمیم اقبال نے 26 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔