لاہور ( نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے لئے شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت نہیں ہو گا، ٹکٹوں کے ریٹس مناست رکھے جائیں گے اور ٹکٹوں کے حتمی ریٹس کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے لئے شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت نہیںہو گا بلکہ شائقین کرکٹ کو ٹکٹ خریدنا پڑے گی۔ سیریز کے لئے ٹکٹوں کے ریٹ ایک ہزار سے کم رکھے جائیں گے تاکہ شائقین کرکٹ میچ سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کے لئے ٹکٹ بوتھ فیروز پور روڑ اور لبرٹی گیٹس پر بنائے جائیں گے جبکہ سیریز کے لئے ٹکٹوں کے حتمی ریٹس کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 19مئی کو پاکستان کے دورے پر پہنچے گی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔دورے کے پہلے مرحلے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 22اور 24مئی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 26، 29اور 31مئی کو ون ڈے انٹرنیشنل ہوں گے۔یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔زمبابوے کی ٹیم یکم جون کو وطن روانہ ہو جائے گی۔