کراچی (نیوزڈیسک)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور عظیم پاکستانی بلے باز ظہیر عباس نے بھی بنگلہ دیش کے خلاف شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے ہاتھوں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شکستوں کے بعد سابق پاکستانی کرکٹرز نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور ٹیم مینجمنٹ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے اور ظہیر عباس بھی ان کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔ایک انٹرویو میں ظہیر عباس نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وقار ایک بہترین کرکٹر تھے تاہم بحیثیت کوچ وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں اور انہیں تبدیل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں پاکستانی ٹیم کی ایسی بدترین کارکردگی نہیں دیکھی، ہارنا زندگی کا حصہ ہے جس طرح ہماری ٹیم کھیلی اس سے لگ ہی نہیں رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہی ہے۔ظہیر عباس نے کہا کہ بورڈ کو نہ صرف کوچ سمیت ٹیم مینجمنٹ کو تبدیل کرنا چاہیے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی سوچ بدلنے کی بھی ضرورت ہے جس طرح ہمیں بنگلہ دیش میں شکست ہوئی، اس پر کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں یہ پاکستان کرکٹ کے لیے افسوس کا مقام ہے، میں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ہمارے کھلاڑی اتنی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔قومی ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت متعدد سابق کھلاڑی پاکستان کرکٹ کی خدمات کے لیے تیار ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں