میر پور (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں پاکستان کرکٹ کا ”جنازہ“ نکل گیا۔ بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کو تمام شعبوں میں آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں 79 رنز سے شکست دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ تمیم اقبال اور صومیا سرکار نے میدان میں اتر کر اننگز کا آغاز کیا تاہم پہلی وکٹ 13.2 اوور میں 48 کے مجموعی سکور گر گئی اور صامیا سرکار 20 رنز پر رن آﺅٹ ہو گئے۔دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی محموداللہ 5 رنز بنا کر راحت علی کی بال پر پویلین لوٹ گئے تب ٹیم کا مجموعی سکور 67 تھا۔ بنگلہ دیش کوتیسری وکٹ ا±س وقت گنوانا پڑی جب 41.4اوورز میں 132 رنز بنا کر تمیم اقبال وہاب ریاض کابال پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔بنگالی ٹائیگرز کی چوتھی وکٹ مشفق الرحیم کی گری جو سینچری کرنے کے ساتھ ہی پویلین لوٹ گئے , وہ 106 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفرازاحمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ صابر رحمان 49.4اوورز میں مجموعی طور پر 325رنز پر 15 رنز بنا کر وہاب ریاض کا نشانہ بن گئے۔بنگالی ٹیم کا آخری نقصان آخری گیند پر ہی ہوا جب شکیب الحسن 31رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 250 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور 17 سال کے طویل عرصے کے بعد بنگلہ دیش سے میچ ہارنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ پاکستان کی جانب سے ون ڈے کیرئیر کا آغاز کرنے والے محمد رضوان نے 67، کپتان اظہر علی 72، سرفراز احمد 24، حارث سہیل 51 اور فواد عالم 14 رنز بنا سکے جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔