اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بنگال ٹائیگرز کے شکار کیلئے قومی شاہین آج ڈھاکا روانہ ہو ں گے۔قومی ون ڈے ا سکواڈ کے کھلاڑی گزشتہ روز لاہور سے کراچی پہنچ گئے جو اتوار کی رات شہرقائد میں قیام کے بعد آج صبح دورہ بنگلہ دیش کیلئے ڈھاکا روانہ ہو ں گے۔ کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں لگنے والے پانچ روزہ تربیتی کیمپ میں تیاری کی جس کے بعدایک دن کے لئے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے تھے۔گزشتہ روز تمام کھلاڑی لاہور میں جمع ہو ئے جہاں سے اظہر علی کی قیادت میں کراچی پہنچے۔روانگی سے قبل ون ڈے کپتان اظہر علی میڈیا سے مقامی ہوٹل میں بات چیت بھی کریں گے۔پاکستانی ٹیم دورے کا آغاز 15 اپریل کو فتح ا? میں بی سی بی الیون کے خلاف پریکٹس میچ سے کرے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 17 اپریل کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 19 اور تیسرا میچ 22 اپریل کو شیڈول کیا گیا ہے۔دونوں ٹیمیں 24اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں مقابل ہو ں گی۔ قومی ٹیم دورے کے دوران دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔ واضح رہے کہ ون ڈے انٹر نیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ سولہ سال سے ناقابل شکست ہے۔بنگلہ دیش نے پاکستان کو آخری بار 1999 ء کے ورلڈ کپ میں شکست دی تھی۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے بھی آگاہ کردیا ہے کہ پاکستانی ٹیم پیر کی دوپہر سوا بارہ بجے ایک ماہ کے طویل دورے کیلئے ڈھاکا پہنچ رہی ہے تاہم اس موقع پر گرین شرٹس کے حضرت شاہ جلال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے رسمی بات چیت کیلئے انتظامات نہیں کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران ہوم سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کے معاملات سے آگاہ کیا گیا۔ مقامی شائقین کو میچوں کے ٹکٹ پندرہ اپریل سے دستیاب ہوں گے اور انہیں ڈھاکا میں یونائیٹڈ کمرشل بینک کی چار مقررہ شاخوں سے خریدا جا سکے گا جبکہ کھلنا میں بھی تین برانچوں سے ٹکٹ حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت بھی ظاہر کردی گئی ہے۔ ایسٹرن اسٹینڈ کا ٹکٹ ایک سو پندرہ ٹکا میں ملے گا۔ ناردرن اور سدرن اسٹینڈ کے ٹکٹس173ٹکا میں دستیاب ہیں۔ وی آئی پی اسٹینڈ کا ٹکٹ پونے چھ سو ٹکا جبکہ ہاسپلٹی بکس کا ٹکٹ شائقین کو ساڑھے تین ہزار ٹکا میں ملے گا۔ ڈھا کا میں پہلے ٹیسٹ کیلئے ایسٹرن اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 23ٹکا مقرر کی گئی ہے۔وی آئی پی اسٹینڈ کا ٹکٹ 115ٹکا جبکہ ہاسپلٹی بکس کا ٹکٹ ساڑھے گیارہ سو ٹکا میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کھلنا میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سب سے سستا ٹکٹ ایسٹرن اسٹینڈ کا23ٹکا میں دستیاب ہوگا جبکہ بی سی بی کارپوریٹ بکس میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کیلئے شائقین کو ساڑھے گیارہ سو ٹکا خرچ کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سیریزمیں پاکستانی ٹیم پہلی بار اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (نائب کپتان)، اسد شفیق، احسان عادل، فواد عالم، حارث سہیل، جنید خان، محمد حفیظ، محمد رضوان، راحت علی، سعید اجمل، سمیع اسلم، وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل ہیں۔دوسری جانب پی سی بی نے فاسٹ بالر سہیل خان انجری کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہونے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی کیمپ کے دوران سہیل خان کو کمر میں تکلیف کی شکایت ہوئی۔ متعلقہ حکام کے مطابق ہفتے کو پریکٹس میچ کے دوران سہیل خان نے تکلیف کی شکایت کی اور ایم آر آئی ا سکین کے نتائج کے بعد انہیں دو سے تین ہفتے تک سربراہ اسپورٹس میڈیسن ڈپارٹمنٹ پی سی بی ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیر نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے ممبران سے مشاورت اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد چیف سلیکٹر ہارون رشید نے سہیل خان کی جگہ جنید خان کو ایک روزہ میچوں سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ جنید خان ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں پہلے سے شامل ہیں۔واضح رہے کہ فاسٹ بالر سہیل خان کرکٹ ورلڈ کپ کے ا سکواڈ میں شامل تھے اور میگا ایونٹ میں انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ قومی ون ڈے اسکواڈ میں انجریز کے باعث دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اور فاسٹ بالر سہیل خان انجری کی وجہ سے دورہ بنگلہ دیش سے باہر ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ سعد نسیم اور فاسٹ باو¿لر جنید خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کلائی میں فریکچر کے سبب دورئہ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ سلیکشن کمیٹی نے سعد نسیم کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں