آکلینڈ (نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ کی ایک ویب سائٹ نے حالیہ ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ”بدترین ٹیم“ کا انتخاب کیا ہے جس میں پاکستان کے سٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ Stuff.co.nz ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے زیادہ کھلاڑیوں کو اس ٹیم میں شامل کرنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ان کے علاوہ بھی کئی کھلاڑیوں کو شامل کرنا پڑا۔ اس ٹیم میں جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوانٹن ڈی کوک کو بدترین اوپنر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ورلڈکپ 2015ءکے دوران 20.71 کی اوسط سے 145 رنز بنائے۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں 78 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جو ان کی ”بہترین“ کارکردگی ثابت ہوئی۔ اس ٹیم میں شاہد خان آفریدی کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے میگا ایونٹ میں23.2 کی اوسط سے 116 رنز بنائے جبکہ باﺅلنگ میں 141 رنز کے عوض محض 2 وکٹیں ہی حاصل کیں۔ ان کھلاڑیوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن سمتھ، انگلینڈ کے گیری بالانس، انگلینڈ ہی کے این مورگن، نیوزی لینڈ کے لیوک رونچی، آئرلینڈ کے کیون اوبرائن، انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ، نیوزی لینڈ کے میک نیلاگن اور ویسٹ انڈیز کے کیمار روچ کو بھی اس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔