برسبین(نیوزڈیسک) ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں مسلسل 2 ناکامیوں سے مایوس قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہمیں کم بیک کرنے کے لئے سپورٹ کی ضرورت ہے اس لئے 1992 کی بات کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس وقت ٹیم میں کتنے بولرز کھیلتے تھے۔برسبین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل 2 ناکامیوں کے بعد کھلاڑی دباو¿ میں تھے اس لئے آئندہ میچز میں کامیابی کے لئے قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے،زمبابوے کے خلاف میچ کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور جن لڑکوں کو ٹیم الیون کا حصہ بنایا جائے گا ان کا انتخاب بھی کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ زمبابوے اکثر پہلے فیلڈنگ کرتے ہیں تاہم پچ اور موسم کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ یا فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جائے گا اور کھیل کے تینوں شعبوں میں کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا ہوگا، خاص طور پر اوپر آنے والے بیٹسمینوں کو وکٹ پر رک کر کھیلنا ہوگا۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کا نام خراب کرنے والے وطن سے مخلص نہیں اس لئے عوام کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے متعلق سوچنے کی ضرورت ہے۔