سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی چیئرپرسن سینیٹر فرح عقیل کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے انعقاد کیلیے پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں کوئی مسئلہ نہیں تاہم حکومت کے بدلنے کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو نئی حکومت سے اجازت حاصل کرنا پڑے گی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد کیلیے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوچکے ہیں اور دونوں بورڈ اس پر قائم ہیں، کمیٹی کے پی سی بی کے معاملات کے بارے میں کافی تحفظات اور غلط فہمیاں تھیں جو کہ پی سی بی حکام کی بریفنگ سے کافی حد تک دو رہوگئی ہیں۔
ہمیں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو تین ماہ کا کنٹریکٹ دیا ہے لیکن یہاں آکر پتہ چلا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جاتا ہے، انھوں نے کہاکہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنزکواپنے انتخابات اور پی سی بی میں نمائندگی کے حوالے سے تحفظات تھے اور اس بارے میں پی سی بی حکام کو کمیٹی نے تجاویز دی ہیں جن پر عمل در آمد کا یقین دلایا گیا ہے، کمیٹی پی سی بی کے معاملات کی بہتری کیلیے بھرپور تعاون فراہم کریگی۔