سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے مصباح الحق کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آخری ورلڈ کپ میں دلیروں کی طرح کپتانی کریں ‘ہار سے نہ ڈریں اور دلیرانہ فیصلہ کرکے اپنے خلاف تاثر کو ختم کریں ‘کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی ‘زندگی میں یہ موقع دوبارہ نہیں آئیگا۔ایک انٹر ویو میں شعیب اختر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ سر پر ہے کہ ابھی ہمیں اپنی پلاننگ نظر نہیں آرہی ہے اور یہ بھی نہیں پتہ کہ کون اوپننگ کریگا۔صہیب مقصود کو بھی اوپننگ کرانے کی باتیں ہورہی ہیں مگر میں مصباح کو مشورہ دوں گا کہ وہ فرنٹ سے لیڈ کرکے اپنے آخری ورلڈ کپ کو اپنی کارکردگی سے یادگار بنائے۔مصباح نے اگر اچھی کپتانی کی اور کارکردگی دکھائی تو تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔شعیب اختر نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ عین ورلڈ کپ سے پہلے اپنی ٹیم پر دباؤنہ ڈالے اور نتائج کا انتظار کرے۔