ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے تاریخی مقامات میں ایک مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان مملکت کے مغرب میں واقع عسفان نامی مقام بھی ہے۔ مکہ کے شمال میں 80 کلو میٹر دور واقع عسفان جبال السروات اور تہامہ الحجاز کی پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے اور اسے کسی دور میں
عازمین حج کی اہم گذرگاہ قرار دیا جاتا تھا۔عسفان الجموم گورنری کے مرکز میں واقع اہم مقامات میں سے ایک ہے۔ اس میں کئی ایک وادیاں ہیں۔ ام القری یونیورسٹی میں تاریخ کے استاد ڈاکٹرموسی کے مطابق عسفان کو وادیوں کا شہر کہا جاتا ہے۔ اس میں کئی وادیاں ہیں جن میں زیادہ مشہور کراع الغمیم، الرجیع، وادی الصغو، وادی فیدہ، وادی الغولا زیادہ مشہور ہیں۔ یہ عسفان کا علاقہ بحیرہ احمر کے کنارے تک 45 کلو میٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔عسفان میں واقع عسفان قلعہ بھی سیاحوں اور زائرین کے لیے خاص توجہ کا مرکز ہے۔ چٹانی پتھروں سے یہ قلعہ بہت پہلے تیار کیا گیا اور اسے حجاج کے قافلے اپنے قیام کے لیے بھی استعمال کرتے تھے۔ اس کے علاوہ عسفان کا علاقہ زراعت، گلہ بانی، سات چشموں، ایک پرانے بازار اور پانی کی پرانی نہروں کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔