جمعرات‬‮ ، 14 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

ضمانت

datetime 4  جنوری‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دو نوجوان حضرت عمر ؓکی محفل میں داخل ہوتے ہی محفل میں بیٹھے ایک شخص کے سامنے جا کھڑے ہوتے ہیں اور اس کی طرف اشارہ کر کے کہتے ہیں :’’اے امیر المومنین! یہ ہے وہ شخص جس نے ہمارے باپ کو قتل کیا ہے‘‘حضرت عمرؓ اُس شخص سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ واقعی تو نے ان نوجوانوں کے باپ کو قتل کیا ہے؟اس شخص نے جواب دیا:’’امیر المو منینؓ ان کا باپ اپنے اونٹ سمیت میرے کھیت میں داخل ہوا۔

میں نے منع کیا، وہ باز نہیں آیا تو میں نے ایک پتھر دے ماراجو سیدھا اس کے سر میں لگا۔ وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔‘‘حضرت عمرؓ نے فر مایا، پھر تو قصاص دینا پڑے گا اور اس کی سزا تو موت ہے۔ اس نے عرض کیا:’’اے امیر المومنینؓ اس کے نام سے جس کے حکم سے یہ زمین و آسمان قائم ہیں، مجھے صحرا میں واپس اپنی بیوی بچوں کے پاس جا نے دیجئے تاکہ میں انھیں بتا آؤں، میں قتل کر دیا جاؤں گا۔ ان کا اللہ اور میرے سوا کوئی آسرا نہیں، میں پھر واپس آجائوں گا۔‘‘ سیدنا عمرؓ ارشاد فر ماتے ہیں کہ کوئی ہے جو تیری ضمانت دے، کہ تو صحرا جاکے واپس بھی آئے گا؟مجمع پر خاموشی چھا جاتی ہے،کوئی بھی تو ایسا نہیں جو اس کے نام تک سے واقف ہو، قبیلے، خیمے اور گھر کے بارے میں جاننا تو بہت دور کی با ت ہے۔اس کی کون ضمانت دے؟ کیا یہ دس درہم کے ادھار، زمین کے ٹکڑے یا کسی اونٹ کے سودے کی ضمانت کامعاملہ ہے؟نہیں، ادھر تو ایک گردن کی ضمانت دینے کی بات ہے جسے تلوار سے اُڑادیا جانا ہے۔ پھر ایسا کوئی بھی تو نہیں جو اللہ کی شریعت کے نفاذ کے معاملے پر عمرؓ سے اعتراض کرے یا پھر اس شخص کی سفارش کرنے کھڑا ہو جائے؟ محفل میں موجود اصحاب ؓ پر خا موشی چھا گئی۔ صورتِ حال سے خود عمرؓ بھی متاثرہیں کیونکہ اس شخص کی حالت نے سب ہی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کیا واقعی اسے قتل کر کے اس کے بچوں کو بھوکامر نے کے لیے چھوڑ دیا جائے؟ یا پھر اس کو بغیر ضمانت کے واپس جانے دیا جائے؟

حضرت عمرؓ سر جھکائے افسردہ بیٹھے ہیں۔ پھر سر اٹھا کے التجا بھری نظروں سے نوجوانوں کی طرف دیکھتے اور فرماتے ہیں :’’معاف کر دو اس شخص کو۔‘‘ ’’نہیں امیرالمومنین ؓ! جس نے ہمارے باپ کو قتل کیا ہو ہم اسے معاف نہیں کر سکتے۔‘‘ نوجوان اپنا آخری فیصلہ بغیر کسی جھجک کے سامنے رکھ دیتے ہیں۔ عمرؓ پھر مجمع کی طرف دیکھ کر بلند آواز سے پوچھتے ہیں، ’’اے لوگو! تم میں ہے کوئی جو اس کی ضمانت دے سکے؟‘‘حضرت ابو ذر غفاریؓی اپنے زہد و صدق سے بھر پور بڑھاپے کے ساتھ کھڑے ہوتے اور فر ماتے ہیں ’’میں اس شخص کی ضمانت دیتا ہوں۔‘‘سیدنا عمر ؓ کہتے ہیں :’’ابوذرؓ اس نے قتل کیا ہے۔‘‘’’چاہے قتل ہی کیا ہو۔‘‘ ابوذرؓ اپنا اٹل فیصلہ سناتے ہیں۔

عمرؓ فر ماتے ہیں: ’’ ابو ذرؓ دیکھ لو اگر یہ تین دن میں لوٹ کے نہ آیاتو مجھے تیری جدائی کا صدمہ برداشت کرنا پڑے گا۔‘‘ ابوذرؓ اپنے ٖفیصلے پر ڈٹے ہوئے فرماتے ہیں ’’اے امیر المومنینؓ!پھر اللہ مالک ہے۔‘‘یوں سیدنا عمرؓ سے تین دن کی مہلت پا کے وہ شخص رخصت ہو جاتا ہے۔تین راتوں کے بعد نماز عصر کے وقت شہر میں الصلاۃ الجامعہ کی منادی گونجتی ہے۔ نوجوان اپنے باپ کا قصاص لینے کے لئے بے چین ہیں۔ مجمع اللہ کی شریعت کو نافذ ہوتا دیکھنے جمع ہے۔ ابوذر ؓ بھی تشریف لاتے اور عمرؓ کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں۔’’کدھر ہے وہ آدمی؟‘‘ عمر ؓ ابوذرؓ سے سوال کرتے ہیں۔

’’مجھے کچھ معلوم نہیں اے امیر المو منینؓ !‘‘ ابوذرؓ مختصر جواب دیتے اور آسمان کی جانب دیکھنا شروع ہو جاتے ہیں جہاں سورج ڈوبنے کی جلدی میں ہے۔ محفل میں ہُو کا عالم ہے اور خدا کے سوا کوئی نہیں جانتاکہ آج کیا ہونے جا رہا ہے۔ با لآخر مغرب سے کچھ لمحات قبل وہ شخص ہانپتا کانپتا آجاتا ہے۔ عمرؓ اس سے مخاطب ہو کے فر ماتے ہیں:’’اے شخص! اگر تو لوٹ کے نہ بھی آتا تو ہم نے تیرا کیا کر لینا تھا، یہاں کو ئی نہ تو تیرا گھر جانتا تھااور نہ ہی کوئی تیرا ٹھکانا۔‘‘

آدمی نے جواب دیا:’’امیر المو منینؓ! اللہ کی قسم، بات آپ کی نہیں، اس ذات کی ہے جو سب ظاہر وپوشیدہ کے بارے میں جانتا ہے۔ دیکھ لیجئے، میں آگیا ہوں،اپنے بچوں کو چوزوں کی طرح صحرا میں تنہا چھوڑ کے ،جہاں نہ درخت کا سایہ ہے اور نہ ہی پانی کا نام و نشان،میں قتل کیے جانے کے لئے حاضر ہوں۔ مجھے بس یہ ڈر تھاکہ کوئی یہ نہ کہہ دے، اب لوگوں میں سے وعدوں کا ایفا ہی اٹھ گیا۔‘‘سیدنا عمرؓ نے ابو ذر غفا ری ؓکی طرف رخ کر کے پوچھا:

’’آپؓ نے کس بنا پر اس شخص کی ضمانت دی تھی؟‘‘ ابو ذرؓ نے فر مایا:’’اے عمرؓ! مجھے اس بات کا ڈر تھاکہ کہیں کوئی یہ نہ کہہ دے، اب لوگوں میں سے خیر ہی اٹھ گیا ہے۔ ‘‘عمرؓ ایک لمحے کے لئے رکے اور پھر نوجوانوں سے پوچھاکہ اب کیا کہتے ہو؟نوجوانوں نے روتے ہوئے جواب دیا:’’اے امیر المومنینؓ! ہم اس کی صداقت کی وجہ سے اسے معاف کرتے ہیں، ہمیں اس بات کا ڈر ہے کہ کوئی یہ نہ کہہ دے کہ اب لوگوں میں سے عفو و در گذر ہی اٹھ گیا ہے۔‘‘

موضوعات:



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…