اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آپ بہن بھائیوں میں آپ کے والدین کس کو زیادہ پسند کرتے ہیں ، ایسی بات جو ہر بندہ اپنےوالدین سے کبھی نہ کبھی ضرور پوچھتا ہے اور والدین مختلف حوالوں اور کہاوتوں کے ذریعے ایک ہی جواب دیتے ہیں کہ والدین کیلئے تمام اولاد یکساں اور ایک جیسی پیاری ہوتی ہے تاہم اب ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مائوں کو اپنا پہلا بچہ باقی اولاد کی نسبت زیادہ پیارا ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل کی گئی 75 فیصد ماؤں نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے پہلے بچے سے زیادہ محبت محسوس کرتی ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ایسی ہی ایک تحقیق 10 سال پہلے بھی کی گئی تھی اور اس کے نتائج بھی تقریباً یہی تھے۔اس سے قبل اسی نوعیت کی ایک اور تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ عموماً والدین اپنے سب سے پہلے بچے کو زیادہ محبت اور توجہ دیتے ہیں جس کے باعث چھوٹے بچے کم اعتمادی اور احساس کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں جو تاعمر ان کے ساتھ رہتا ہے۔ماہرین کے مطابق والدین روز مرہ کے معمولات میں اپنے پہلے بچے کے ساتھ ترجیحی رویہ اپناتے ہیں اور انہیں اس کا احساس بھی نہیں ہو پاتا۔