مولانا عبداللہ فاروقیؒ حضرت رائے پوریؒ سے بیعت تھے، لاہور دہلی مسلم ہوٹل میں برسہا برس سے خطیب رہے، ان کا بیان ہے کہ میں مدینہ منورہ حاضر ہوا اور مولانا حسین احمد مدنیؒ کے پاس قیام کیا، ایک روز جب مولانا کے ساتھ مسجد نبویﷺ میں نماز پڑھنے کیلئے گیا تو میں نے مولانا کا جوتا اٹھا لیا، مولانا اس وقت تو خاموش رہے، دوسرے وقت
جب ہم نماز پڑھنے کیلئے گئے تو مولانا نے میرا جوتا اٹھا کر سر پر رکھ لیا، میں پیچھے بھاگا، مولانا نے تیز چلنا شروع کر دیا، میں نے کوشش کی کہ جوتا لے لوں لیکن نہیں لینے دیا میں نے کہا کہ ’’خدا کے لئے سر پر تو نہ رکھئے‘‘ فرمایا کہ ’’عہد کرو آئندہ حسین احمد کا جوتا نہ اٹھاؤ گے‘‘ میں نے عہد کر لیا، تب جوتا سر پر سے اتار کر نیچے رکھا۔